Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
مری سمیت آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں برفباری کا سلسلہ تو تھم گیا ، تاہم نظام زندگی مفلوج اور کئی علاقوں کا زمین راستہ منقطع ہو گیا ہے، وادی نیلم میں برفانی تودے میں دب جانے والے 6 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں۔
آزاد کشمیر میں 3روز سے جاری بارش، برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں اور دیہی رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں ۔
ضلع حویلی، باغ، پونچھ، مظفرآباد، نیلم اور ہٹیاں بالا کا آپس میں زمینی رابطہ منقطع ہو گیا،علاقہ میکن گھروں میں محصور ہو کررہ گئے،محکمہ شاہرات آزاد کشمیر نے سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کردیا ۔
دوسری جانب ڈائریکٹر آپریشن ایس ڈی ایم اے کے مطابق وادی نیلم میں سرگن بگوالی کے مقام پر برفانی تودے کے نیچے دب جانے والے 6افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 10افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
مقامی افراد اور انتظامیہ امدادی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اشیا خورد نوش ، گرم کپڑے اور دیگر امدادی سامان متاثرہ علاقوں میں بھیجا جا رہا ہے،جاں بحق ہونے والوں میں بچی اور خاتون بھی شامل ہے۔
برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ سے شاہراہ قراقرم کوہستان داسو اور کیال کے مقام پر بند ہے جس کے باعث سینکڑوں مسافر پھنس گئے۔
گلگت بلتستان کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ منقطع ہے،مری میں 2فٹ اور ایوبیہ نھتیا گلی میں 4فٹ کے قریب برف پڑی ہے، بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا۔