آزاد کشمیر ،بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 75افراد جاں بحق

اپ ڈیٹ 15 جنوری 2020 05:14am

مظفر آباد،کوئٹہ: ملک بھرمیں حالیہ بارشوں اور برفباری نے تباہی مچا دی ،آزاد کشمیر اور بلوچستان میں حالیہ بارشوں اور برفباری سے 75افراد جاں بحق ہوگئے،  این ڈی ایم اے نے ہلاکتوں کی تصدیق کردی ۔

آزادکشمیر اور بلوچستان میں کہیں بارش اور کہیں برفباری نے تباہی مچا دی،بارش اور برفباری سے ہونے والے نقصانات پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)نے رپورٹ جاری کردی۔

این ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں اور برفباری سب سے زیادہ نقصان آزاد کشمیر میں ہوا ،جہاں بارش ،برفباری اوربرفانی تودے کی زد میں آکراب تک 55 شہری جاں بحق ہوئے ۔

وزیراسٹیٹ ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی احمد رضا قادرنے وادی نیلم کے سورنگن گاؤں میں 19 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی جبکہ پونچھ میں بھی 2افرادبرفانی تودےکی زد میں آکرجاں بحق ہوئے جبکہ 10 لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش کا کام جاری ہے۔

پاک فوج کے جوان، انتظامیہ، ریسیکو اہلکاراورمقامی لوگ بحالی و امدادی سرگرموں میں حصہ لے رہے ہیں ، برف میں پھنسے ہوئے افراد کوبذریعہ ہیلی کاپٹرنکالنے کے لیے انتطامات کیے جا رہے ہیں ۔

این ڈی ایم اے کے مطابق ،بلوچستان میں بارشوں اور برفباری کے باعث چھتیں گرنے اور دیگر واقعات میں 20 افراد جان سے گئےاور 35 مکانات متاثر ہوئے ۔

بلوچستان میں برفباری کے باعث لک پاس،بولان روڈ،خانوزئی روڈ اور کوئٹہ چمن روڈمتاثر ہے۔

ادھر ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مسلم باغ اور کان مہتر زئی میں برفباری میں پھنسے 500سے زائد افراد اور 80گاڑیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا،ریسکیو افراد کو کھانے پینے کی اشیا بھی فراہم کی گئیں۔

Read Comments