Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد: چوہدری برادران نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا ۔
حکومت نے اپنے ناراض اتحادی کو منانے کے لیے کوششیں تیز کردیں،مسلم لیگ ق سے حکومتی ملاقات کا وقت تو طے ہے تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری برادران نے حکومت کے ساتھ مذاکرات کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کر لیا ۔
مسلم لیگ ق کی قیادت نے واضح کیا ہے کہ جو ناراض ہو اسے منایا جاتا ہے، گھربلا کر ناراضگیاں دورنہیں کی جاتیں،ناراض لوگوں کو منانے اس کے پاس آیا جاتا ہے، تحفظات کو ٹھیک اڈریس نہیں کیا جا رہا ۔
حکومتی ٹیم اور ق لیگ کے وفود کی ملاقات پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں شام چار بجے ہوگی جس میں وزیراعلیٰ پنجاب بھی شرکت کریں گے۔
مسلم لیگ ق ترقیاتی فنڈز ، وزارتوں میں مداخلت سمیت دیگر تحفظات کے حوالے سے حکومتی وفد کو آگاہ کرے گی۔
وفاقی وزیر ہاؤسنگ طارق بشیر چیمہ نے تحفظات کے باعث گزشتہ روز وفاقی کابینہ اجلاس میں شرکت نہیں کی تھی، اتحادیوں سے مذاکرات کے لیے قائم کردہ حکومتی کمیٹی نے بلوچستان عوامی پارٹی کے وفد سے مذاکرات کیے ، حکومتی وفد میں جہانگیر ترین، پرویز خٹک اور ارباب شہزاد شریک تھے۔
حکومتی وفد نے وزیر اعظم کی جانب سے عوامی فلاح کے تمام منصوبوں کے لیے ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی جبکہ دونوں فریقین کا آئندہ کے لیے رابطے بحال رکھنے پر اتفاق کیا۔