عامر خان نے خالد مقبول صدیقی  کے ساتھ ہاتھ کردیا ہے،مصطفیٰ کمال

اپ ڈیٹ 17 جنوری 2020 12:08pm

کراچی :پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ عامر خان نے خالد مقبول صدیقی  کے ساتھ ہاتھ کردیا ہے، عامر خان جیسے ہی ایم کیوایم میں واپس آئے تو  بگاڑ شروع ہوگیا، ایم کیو ایم کو عامر خان نے برباد کیا، ہم خالد مقبول  صدیقی کے ساتھ ہیں۔

 کراچی احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مصطفی کمال کا کہنا تھا استعفیٰ اور کراچی والوں کا نام لے کر ایم کیو ایم کی جانب سے ڈرامہ کیا جارہا ہے،یہ حکومت سے باہر نہیں جاسکتے،ایم کیوایم والوں کی سب کی فائلیں تیار ہیں جیسےہی حکومت سے باہر آئیں گے پکڑے جائیں گے، ان کی سانسیں کرپشن سے جڑی ہوئی ہیں۔

 مصطفی کمال نے مزید کہا کہ ان کو پتہ ہے کہ اب ان کی باری نہیں آنی اس لیے پیسے مانگ رہے ہیں، فروغ نسیم پر ایم کیوایم والوں کا بس نہیں چلتا اس لیے خالد مقبول صدیقی کو بکرا بنایا ہے،ایم کیوایم والوں کی آپس کی لڑائی ہے،  عامر خان نے خالد مقبول صدیقی  کے ساتھ ہاتھ کردیا ہے، عامر خان جیسے ہی ایم کیوایم میں واپس آئے تو  بگاڑ شروع ہوگیا، ہم خالد مقبول  صدیقی کے ساتھ ہیں۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا عامر خان نے پہلے الطاف حسین کو سائیڈ کیا،  انیس قائمخانی کے خلاف سازشیں کیں، میں ان کے سارے کرتوت جانتا ہوں ، کے کے ایف سے لے کر تمام کچے چٹھے کھول دوں گا۔

 عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران مصطفی کمال کے  ہمراہ پارٹی کے دیگر رہنما اور عہدیداران بھی موجود تھے۔

Read Comments