گندم درآمد کرنے کا اقتصادی رابطہ کمیٹی کا فیصلہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج

اپ ڈیٹ 22 جنوری 2020 11:06am

لاہور:گندم درآمد کرنے کے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔

کسان بچاؤ تحریک پاکستان کے صدر ناصر جاوید گھمن نے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ وفاقی حکومت نے تین لاکھ ٹن گندم درآمد کرنے کا اعلان کیا ہے، حکومت کا فیصلہ بعض عناصر کے مال پانی بنانے کے لیے کیا گیا ہے، گندم درآمد سے کسان کو نقصان ہوگا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ درآمد کی گئی گندم 31 مارچ کو پاکستان پہنچے گی جبکہ سندھ کے زمینداروں کی گندم کی فصل 15 مارچ تک مارکیٹ میں پہنچ جائے گی۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت وفاقی حکومت کو گندم درآمد کرنے سے روکنے کا حکم دیتے ہوئے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔

Read Comments