وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں

اپ ڈیٹ 26 جنوری 2020 09:58am

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کل ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ رہے ہیں،  وزیراعظم سندھ بھر سے منتخب نوجوانوں میں رقم کے چیک تقسیم کریں گے۔

وزیراعظم کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرض کی تقسیم کا عمل تیز کر دیا گیا،گورنر ہاوس کراچی میں تقریب کی تیاریاں جاری ہیں۔

 وزیراعظم عمران خان کل دورہ کراچی کے دوران سندھ بھر سے منتخب نوجوانوں میں رقم کے چیک تقسیم اور خطاب کریں گے۔ تقریب میں گورنر سندھ، وفاقی وزراء اور نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی شریک ہو گی۔

  معاون خصوصی عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے نوجوانوں کے لیے ملکی تاریخ کا سب سے زیادہ بجٹ مختص کیا ہے، سندھ کے لاکھوں نوجوان کامیاب جوان پروگرام کے بینر تلے آ چکے ہیں، پروگرام سے روزگار میں اضافہ اور غربت میں کمی آئے گی۔

  ذرائع کے مطابق،دورہ کراچی کے دوران وزیراعظم عمران خان کی حکومتی ٹیم سے ملاقات بھی ہوگی ،جس میں عمران خان کو کراچی کی صورتحال اور جاری ترقیاتی کاموں پر بریفنگ دی جائے گی۔

 وزیراعظم عمران خان کی دورہ کراچی میں سیاسی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

Read Comments