'ایک منظم مافیا حکومت کے خلاف منفی تاثر کوفروغ دے رہا ہے'

شائع 26 جنوری 2020 04:31pm

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری انتظامی تبدیلی کو ناکام بنانےکےلئے جان بوجھ کر افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں۔  ہمیشہ چیلنجز کاسامنا کیا آئندہ بھی کریں گے۔ ہر گز دباؤ میں نہیں آئیں گے۔روپے کی قدر میں توازن آ چکا ہے ترقیاتی کاموں میں کسی علاقے کو نظر انداز نہیں کیاجائےگا۔

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچے۔ ایوان وزیراعلیٰ میں وزیراعظم سے وزیراعلیٰ نے ون آن ون ملاقات کی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب نے آٹے، گندم اور چینی بحران پر بریفنگ دی۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب میں آٹے اور گندم کا کوئی بحران نہیں مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔

وزیر اعلیٰ سے ملاقات کے بعد وزیراعظم سےپاکستان تحریک انصاف کے پنجاب سے منتخب ارکان قومی اسمبلی نے ملاقات کی۔

اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خطاب میں کھل کر سیاسی مخالفین کو للکارا۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے منشور کا بنیادی نقطہ کرپشن کا خاتمہ ہے ،ایک منظم مافیا حکومت کے خلاف منفی تاثر کوفروغ دے رہا ہے۔جان بوجھ کر ہر روز افراتفری کی باتیں کی جاتی ہیں تاکہ جو ہم مثبت انتظامی تبدیلی لے کر آئے ہیں اسے ناکام بنایاجائے۔

وزیر اعظم نے صوبائی حکومت ،انتظامیہ اور منتخب نمائندوں کے مابین ایک مربوط میکانزم پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے ارکان اسمبلی کو ہدایت دی کہ وہ اپنے حلقوں میں عوام سے قریبی رابطہ رکھیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔

 وزیر اعظم نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاری کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پنجاب میں ویلج کونسل کی تیاریاں مکمل کی جائیں۔

Read Comments