Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:سپریم کورٹ آف پاکستان نے کراچی سرکلرریلوے کی زمین خالی کرانے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت کوبھی ریلوے سے معاونت کرنے کی ہدایت کردی۔
چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے3 رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ کیس کی سماعت کی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔
ریلوے خسارہ کیس کی سماعت میں کراچی سرکلر ریلوے کا بھی تذکر ہوا ۔
شیخ رشید نے ریلوے کے مسائل کا واحد حل ایم ایل ون منصوبہ قراردیا تو چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ کہ ہمارے سامنے پرانے رونے نہ روئیں، ایم ایل ون منصوبہ کیا جادوگری ہے، ریلوے کے پاس سگنل ،ٹریک اورنہ بوگیاں ہیں ،کراچی سے خیبرتک ریلوے کی زمین لوگوں کو دے دی گئی ہے۔
وفاقی وزیرریلوے نے زمین دینے کی تردید کی،جس پرچیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ کمیاڑی سمیت دیگرریلوے اسٹیشن پرکیا ہورہا ہے، کراچی میں ریلوے اسٹیشنزکا حشردیکھیں ، کراچی سرکلر ریلوے کی 38 کنال زمین عدالتی حکم پرخالی ہوئی، ریلوے افسران جس کو چاہتے ہیں زمین دیتے ہیں ،لوگ آپ کی باتیں سنتے ہیں لیکن آپ کا ادارہ سب سے نااہل ہے۔
عدالت نے کراچی میں سرکلرریلوے کی 6کلومیٹرزمین 2ہفتوں میں خالی کرانے کا حکم دے دیا۔
سپریم کورٹ نے سندھ حکومت کوریلوے سے متعلق ہرطرح کی معاونت کرنے کی بھی ہدایت کی۔