دہری شہریت :نااہلی کی درخواست پر  فیصل واوڈا کو نوٹس جاری

اپ ڈیٹ 29 جنوری 2020 09:04am

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر فیصل واوڈا کو دہری شہریت چھپانے پر نااہلی کی درخواست پر  نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے میاں محمد فیصل ایڈووکیٹ کی وفاقی وزیر فیصل واوڈا کے خلاف کی نااہلی کی درخواست پر سماعت کی۔

 درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر جہانگیر جدون پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن میں دہری شہریت کے حوالے سے جھوٹا حلف نامہ جمع کرایا۔

انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ فیصل واوڈا آبی وسائل کے وفاقی وزیر ہیں اور بڑے ڈیمز پر  کام چل رہا ہے، جب تک نااہلی کی پٹیشن پر فیصلہ نہیں ہو جاتا تب تک انہیں بطور وفاقی وزیر بھی کام سے روکا جائے۔

جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ نوٹس کر دیئے ہیں جواب آجائے تو دیکھتے ہیں۔

عدالت نے فیصل واوڈا کو کام سے روکنے کے لیے حکم امتناع کی درخواست پر بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔

Read Comments