وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم کی تنخواہ میں اضافے کی تردید کردی

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2020 03:43am

اسلام آباد:ترجمان وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم کی تنخواہ میں اضافےکی  تردید کردی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتےہوئے ترجمان وزیر اعظم آفس نے وزیر اعظم کی تنخواہ میں اضافے کی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہرممکنہ طریقے سے حکومت کے اخراجات میں کمی لانے کی مہم چلا رہے ہیں، جس کا آغاز انہوں نے اپنی ذات سے کیا لہذا ان کی تنخواہ میں اضافے سے متعلق بے بنیاد اور من گھڑت خبروں کی تشہیر نہایت افسوس ناک ہے۔

ترجمان  وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر کابینہ کے حالیہ اجلاس میں صدر مملکت اور وزیر اعظم کی تنخواہوں اور مراعات میں ترمیم کرتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا کہ اب صدر اور وزیر اعظم کے لیے صرف ایک رہائش گاہ کو کیمپ آفس کا درجہ دیا جا سکے گا۔

ترجمان نے کہا کہ کابینہ کے اجلاس میں وزیر اعظم نے واضح ہدایت کی کہ ماضی کی روش کی بجائے کیمپ آفسز میں ہونے والے اخراجات کی بھی ایک حد مقرر کی جائے،وزیر اعظم نے کہا کہ سربراہان حکومت پر اٹھنے والے اخراجات عوام کے خون پسینے کی کمائی سے پورے کیے جاتے ہیں اس لیے کوشش کی جائے کہ یہ اخراجات کم سے کم ہوں۔

Read Comments