چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

اپ ڈیٹ 31 جنوری 2020 11:00am

اسلام آباد ہائی کورٹ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزار محمد فیصل کی جانب سے ایڈووکیٹ جہانگیرجدون عدالت میں پیش ہوئے ۔

چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ درخواست گزار کے بنیادی انسانی حقوق کیسے متاثر ہورہے ہیں۔

 وکیل نے دلائل دیئے کہ کرونا وائرس انسانی مسئلہ بن چکا،دنیا بھر کے ممالک میں یہ وائرس پھیل رہا ہے،20 ہزارکے قریب چینی اسلام آباد میں رہ رہے ہیں، ان کی سکریننگ کا کیا کیا؟،کچھ پتہ نہیں۔

 چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو جو معلومات چاہئیں وہ معلومات تک رسائی کے قانون کے ذریعے لے سکتے ہیں۔

عدالت نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے بعد چین میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی درخواست پر دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

Read Comments