Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
لاہور:پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گندم اور آٹے کے بحران پر وزیراعظم عمران خان کے لیے حقائق نامہ جاری کردیا۔
ایک بیان میں ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مفاد پرستوں نے 150 ڈالر فی ٹن سبسڈی بھی وفاقی حکومت سے ہتھیا کر مزید ظلم کیا،پنجاب میں بعض بدنام زمانہ کرپٹ فلورملز، محکہ خوراک اور ’اے ٹی ایمز‘ کی ملی بھگت سے یہ ڈاکاڈالاگیا،ملی بھگت کے نتیجے میں افغانستان اور وسط ایشیاءکو غیرقانونی طورپر گندم بھجوائی گئی،ڈاکے کی اس واردات کے لیے محکمہ خوراک میں اس مدت کے لیے خاص سیکریٹری کی تعیناتی کرائی گئی۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وسیم اکرم پلس کو ایک فلورمل چیک کرنے کی توفیق ہوئی نہ ہی یہ معلوم کیا کہ آٹا مقامی مارکیٹ میں فراہم ہورہا ہے یا گندم باہر بھیجی جارہی ہے،انسانی ضرورت کا جائزہ لیے بغیر ہی فیڈملوں کو جانوروں کی خوراک کے لیے گندم خریدنے کی اجازت دے دی گئی،’اے ٹی ایمز‘ نے بڑی مقدار میں گندم ذخیرہ کی ہوئی تھی۔
چینی کے بحران کا زکر کرتے ہوئے ترجمان ن لیگ نے کہا کہ پہلی مرتبہ سیزن میں گنے کی پیداوار زیادہ ہونے کے باوجود چینی کی قیمت میں اضافہ کیا گیا،عمران خان میں اگر جرات ہے تو جہانگیر ترین اور خسرو بختیار کے خلاف انکوائری کریں جو چینی اور آٹے کے بحران کے زمہ دار ہیں۔