عوام گھبرائے نہیں سب ٹھیک ہوجائے گا،شاہد خاقان عباسی کا طنز

اپ ڈیٹ 04 فروری 2020 10:38am

اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے حکومت پر طنز کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام گھبرائے نہیں سب ٹھیک ہوجائے گا ،ہرروزعوام سے2ارب روپے لوٹےجارہےہیں،عمران خان اور عثمان بزدار بتائیں عوام کوکون لوٹ رہاہے؟۔

ایل این جی ریفرنس کی سماعت کے لیے شاہد خاقان عباسی کو اڈیالہ جیل سے سخت سیکیورٹی میں عدالت پہنچایا گیا ، احتساب عدالت کے جج اعظم خان نے ریفرنس پرسماعت کی۔

جج نے کچھ ملزمان کے مچلکے جمع نہ ہونے کا سوال اٹھاتے ہوئے ملزم شاہد محمد کے وارنٹ گرفتاری پر پیشرفت سے متعلق استفسار کیا ۔

نیب پراسیکیورٹر نے رپورٹ جمع کرواتے ہوئے کہاکہ ملزم پاکستان میں نہیں کس ملک میں انکوائری کی جا رہی ہے۔

  اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں منی بجٹ سے متعلق سوال کیا گیا تو سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گھبرائیں نہیں،سب ٹھیک ہوجائے گا ، حکومت پہلے دن سے ناکام ہے ،  چوروں کی حکومت میں عوام سے یومیہ 2 ارب روپے لوٹے جا رہے ہیں، وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کے پاس جواب ہے،جنوری میں 24 فیصد مہنگائی بڑھی، کوئی پوچھنے والا نہ ہی جواب دینے والا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ حکومت تو ختم ہوچکی ہے ،بس ایک جنازہ رکھا ہوا ہے جب مرضی پڑھ لیں ،حکومت میں تبدیلی سے بہتری نہیں آنی،چینی ہی نہیں عوام کا پیسہ بھی اے ٹی ایم  کھا گئے ہیں۔

 احتساب عدالت نے شاہد خاقان عباسی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 21 فروری تک توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

Read Comments