اسلام آباد:مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر بھرپور طریقے سے منایا جا رہا ہے،شہر شہر ریلیاں اور تقاریب کا انعقاد کیا جارہا ہے۔
آج پورا پاکستان مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ایک ہوگیا،کراچی سے خیبر تک کشمیر کی آزادی کے نعرے گونج رہے ہیں، ملک کا کونا کونا کشمیر بنے گا پاکستان کے ترانوں سے مہک رہا ہے۔
ملک بھر کی سرکاری عمارتوں پرپاکستان اورکشمیر کے پرچم ایک ساتھ بلند کردیئے گئے،پاکستان سمیت پوری امت مسلمہ کامقبوضہ کشمیر پر یہ یقین ہےکہ کشمیر بھارت سے اپنا حق لے کر رہیں اور مقبوضہ وادی ایک بار پھر جنت نظیر وادی بن جائے گی۔
ملک بھر میں کشمیریوں بھائیوں سے اظہار محبت کےلیے اجتماعات کا سلسلہ جاری ہے،کشمیری پرچم اٹھائے عوام کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کررہے ہیں،گلی گلی ریلیاں نکالی جارہی ہیں،اسکول، کالجز اورجامعات میں تقاریب منعقد کی گئی ہیں۔
انڈیاجا جا کشمیر سے نکل جا،وہ دن بھی آئے گا،جب کشمیری آزاد ہوں گےاورکشمیر بنے گاپاکستان ،پاکستان کا بھی یہ نعرہ ہے کہ کشمیر ہمارا ہے۔۔
کوہساروں سے سمندر تک اورکراچی سے خیبر تک یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا جارہاہے، پانچ فروری یوم کشمیر کے دن آج پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کررہاہے ۔
دوسری جانب بھارت کشمیریوں کے حقوق پر قابض بھارتی مظالم اور مودی سرکار کی ہٹ دھرمی برقرار ہےلیکن کشمیری اپنے حق خودارادیت کے لیے ڈٹے ہوئے ہیں۔
برہان مظفر وانی کی شہادت اور5اگست کے مودی سرکار کے اقدام کے بعد قابض بھارتی فوج کے مظالم میں بے پناہ اضافہ ہوا اور کشمیریوں کاجذبہ آزادی مزید بڑھ گیا۔
تمام تر پابندیوں اور بھارتی جارحیت کے باوجود کشمیری آج یوم یکجہتی کشمیر منارہے ہیں،ایسے میں بھارتی فوج کے نام نہاد سرچ آپریشن جاری ہیں، سری نگر سمیت مختلف علاقوں کا محاصرہ کررکھا ہے، گرفتاریاں مزید تیز کردی گئیں۔
کشمیر میں بھارت کے بدترین کرفیو کو 185دن ہوگئے،اقوام متحدہ سمیت عالمی برادری بھی تاحال کوئی عملی اقدام نہ کرسکی۔