ڈی جی خان کی15سالہ لڑکی کی برآمدگی کےلیے پنجاب پولیس کو آخری موقع

اپ ڈیٹ 06 فروری 2020 09:56am

اسلام آباد:سپریم کورٹ نے ڈی جی خان کی15 سالہ لڑکی کی برآمدگی کےلیے پنجاب پولیس کو آخری موقع دے دیا۔

جسٹس عمرعطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ،عدالت کے استفسار پرایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے مزید 11افراد کی گرفتاری اور چالان جمع کروانے کا بتایا۔

جسٹس عمرعطا بندیال نے ڈی پی اوکومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کیا کوئی پیشرفت دکھاسکتے ہیں؟۔

ڈی پی او نے کہا کہ کوشش کرچکے لڑکی برآمد نہیں ہوئی،لڑکی نے مرضی سے گھرچھوڑا۔

جسٹس عمرعطا بندیال نے کہا کہ بھول جائیں اس بات کو، کیا تسلیم کرتے ہیں کہ آپ کے ضلع میں لڑکیوں کی اسمگلنگ اورخرید وفروخت ہورہی ہے،انسانی اسمگلنگ پراپنی توجہ مرکوزکریں ضلع 3 صوبوں کے ساتھ بارڈرپر ہے ۔

عدالت نے ہدایت کی کہ آئی جی پنجاب دیگرصوبوں سے بھی معاملے میں مدد لیں اورلڑکی کی برآمدگی یقینی بنائیں۔

لڑکی کے والدین کے وکیل نے ہائی پاور جے آئی ٹی بنانے کی استدعا کی، جس کے بعد عدالت نے سماعت 2 ماہ کےلیے ملتوی کردی۔

Read Comments