ترک صدر رجب طیب اردوان دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ترک صدر کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کریں گے۔
ترک صدر رجب طیب اردوان اسلام آباد کے نور خان ایئر بیس پہنچے تو وزیراعظم عمران خان اور وفاقی کابینہ کے اراکین نے انکا پرتپاک استقبال کیا۔ترک خاتون اول بھی رجب طیب اردوان کے ہمراہ ہیں۔
وزیراعظم عمران خان مہمانوں کی گاڑی خود چلا کر وزیراعظم ہاؤس کےلئے روانہ ہوئے جہاں ترک صدر کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔
ایوان صدر آمد پر صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ترک صدر کا استقبال کیا۔دونوں صدور کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صدر مملکت نے ترک صدر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جس میں مہمان وفد کے اراکین وفاقی وزرا اور معزز شخصیات نے شرکت کی ۔
طیب اردوان کے دورے کے دوران دفاع ، ریلوے ، اطلاعات ، معیشت اور تجارت پر متعدد معاہدے ہوں گے جب کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان دوہری شہریت کے ایک معاہدے پر بھی دستخط ہوں گے۔
ترک صدر کل پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔جس کےلئے تمام تر تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔
ترک صدر دن گیارہ بجے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچیں گے جہاں وزیراعظم عمران خان،چیئرمین سینیٹ اوراسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ معزز مہمان کا استقبال کریں گے۔مہمان صدر کی چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اوراسپیکر اسد قیصر سے بھی ملاقات ہوگی ۔
خطاب کے بعد ایوان کے اندر پارلیمانی رہنماؤں سے ملاقات بھی ان کے شیڈول کا حصہ ہے جس کے بعد وزیراعظم عمران خان ترک صدر کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے۔
دونوں رہنما پاک ترک اسٹریٹجک تعاون کونسل کی مشترکہ صدارت کریں گے جس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کیا جائے گا۔
صدر طیب اردوان اور وزیر اعظم عمران خان مشترکہ نیوز کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔