افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکرگزار ہوں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

اپ ڈیٹ 16 فروری 2020 03:55pm

اسلام آباد:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی، افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکرگزار ہوں۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس افغان پناہ گزینوں کی شاندار میزبانی پر پاکستان کے معترف نکلے۔

پاکستان کے دورے پر آئے  اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسلام آباد میں مہاجرین کے وفد سے ملاقات کی ، وفد میں افغانستان، تاجکستان اور یمن کے مہاجرین شامل تھے۔

 مہاجرین کے نمائندوں نے گفتگو کرتے ہوئے انتونیو گوتریس کو پاکستان کی جانب سے ملنے والے تعلیم، کاروباراور ہنر سے متعلق تجربات سے آگاہ کیا۔

 پناہ گزینوں نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو اپنے ممالک میں ظلم و ستم اور تشدد کی روداد بھی سنائیں۔

اس موقع پر انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان نے افغان جنگ سے متاثر 45 لاکھ پناہ گزینوں کو پناہ دی اور ان کے لیے بہترین انتظامات کیے،پاکستان کے عوام نے افغان مہاجرین کی بھرپور مہمان نوازی کی۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے طویل عرصے تک افغان مہاجرین کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

انتونیو گوتریس کاکہنا تھا کہ پاکستانی قوم نے افغان مہاجرین کو چھت ہی نہیں ،بہترین میزبانی اورآسائش فراہم کی،پاکستان اس وقت بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کررہا ہے،پاکستان نے اقوام متحدہ چارٹر کے تحت افغان مہاجرین کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے ، پاکستان ترکی کے بعد مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

Read Comments