Subscribing is the best way to get our best stories immediately.
اسلام آباد:وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سول سروسز میں اصلاحات کو نئے روشن مستقبل کے لیے اہم سنگ میل قراردے دیا۔
معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ سول سروسز میں اصلاحات نصف صدی سے مروجہ فرسودہ نظام میں تبدیلی اور پاکستان کے نئے روشن مستقبل کےلیے اہم سنگ میل ثابت ہوگی،ترقی کے معیار کے بدلے گئے، اب نا اہلی کی حوصلہ شکنی اور اہلیت کی حوصلہ افزائی ہوگی، افراد کی خوشنودی یا کسی سیاسی خاندان کی خدمت گزاری ترقی کا معیار نہیں بنے گی۔
فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ ترقی کا معیار اب محنت، صلاحیت، عوامی خدمت اور عوام کے مسائل کے حل سے جوڑ دیا گیا ہے،افسران کی ترقی اب ان کی کارکردگی اور عوامی ریلیف سے منسلک ہے، وزیراعظم عمران خان عوام کے ریلیف کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں دور کر رہے ہیں، افسران کو اب کارکردگی کی بنا پر ترقی ملے گی۔
معاون خصوصی کا مزیدکہنا تھا کہ وزیراعظم نے تحریک انصاف کے منشور کے تحت سول سروسز میں اصلاحات لانے کا وعدہ پورا کر دیا،افسر شاہی کے اندر جزا اور سزا کا نظام لانے کا قوم سے کیا ہوا عہد پایہ تکمیل تک پہنچا ہے، جو پر فارم کر ے گا اس کو میرٹ کے تحت پروموٹ کریں گے اور مکمل سپورٹ دیں گے۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پروموشن میں جانے سے پہلے ان کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،20سال سروس کا ایک بینچ مارک بنایا جائے گا، اس عرصے کے بعد سرکاری ملازم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا،مستعد سول سرونٹس ترقی پاسکیں گے،سول سرونٹس ایکٹ 1973ء کے سیکشن 13کے تحت یہ تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔