وقت آگیاعالمی برادری حقیقی معنوں میں پاکستان کی مدد کرے،یواین سیکریٹری جنرل

شائع 17 فروری 2020 10:50am

اسلام آباد:سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیوگوتریس نے کہا  ہے کہ وقت آگیا ہے عالمی برادری حقیقی معنوں میں پاکستان کی مدد کرے،امن کے حصول کےلیےنادر موقع کو ضائع کیا گیا تو افغان ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

اسلام آباد میں سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس ،وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اورہائی کمشنربرائے پناہ گزینوں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔

 وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاکہ مہاجرین کے انخلاء کے لیے تیارہیں ،انخلاء بہتراندازمیں مکمل کرنا ہوگا۔

وزیرخارجہ نے  افغانستان سے متعلق کہاکہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی ضرورت ہیں، پاکستان اور افغانستان مل کرخطے میں نئے دورکی بنیاد رکھ سکتے ہیں ،امریکاکو اندازہ ہے کہ یک دم امریکی فوج کا انخلاء ممکن نہیں ہے، ہم سب کو ملکر کام بگاڑنے والوں کو شکست دینا ہوگی۔

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ نے 40 سال افغان مہاجرین کی دیکھ بھال پر پاکستان کو خراج تحسین پیش کیا۔

انتونیو گوتریس  نے کہا کہ امن مذاکرات میں اقوام متحدہ کردار ادا کرے گا ،پاکستان نے مشکل وقت میں افغان مہاجرین کی مدد کی، نہ صرف بارڈر کھولے بلکہ پاکستانیوں نے اپنے دروازے بھی کھولے، افغانستان کے پاس امن حاصل کرنے کا نادرموقع ہے اگریہ موقع ضائع کیا گیا تو افغان ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔

ہائی کمشنر برائے پناہ گزین نے خطاب میں گلوبل رفیوجی فارم میں بنائے گئے پلیٹ فارم کو مزید فعال بنانے کے لیے مدد کی اپیل کی۔

Read Comments