اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل آج لاہور میں مصروف دن گزاریں گے

اپ ڈیٹ 18 فروری 2020 07:49am

لاہور:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتریس آج لاہورمیں مصروف دن گزاریں گے،جہاں وہ لمزیونیورسٹی میں ماڈل یونائیٹڈنیشن کی تقریب میں شرکت کریں گے۔

سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس 3روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئے، صوبائی وزیر خزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے لاہور ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا ۔

کمشنر لاہور سیف انجم، سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید و دیگر افسران بھی موجود تھے جبکہ سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کو بچیوں نے  پھولوں کے گلدستے پیش کئے۔

ذرائع کے مطابق لاہور میں دورے کے دوران سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس   انٹر فیتھ لیڈرز سے ملیں گے۔

انتونیو گوتریس بادشاہی مسجد اور شاہی قلعہ بھی جائیں گے ساتھ ہی وہاں اسکول کے بچوں کو پولیو کے قطرے بھی پلائیں گے اور پھر گوردوارہ کرتارپور صاحب جائیں گے۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی جانب سے سیکریٹری جنرل کے اعزاز میں عشائیہ دیا جائے گا جس میں پنجاب کابینہ سمیت دیگر سیاسی شخصیات شریک ہوں گی۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے دورہ پاکستان سے متعلق عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتونیو گوتریس کے دورےکا وقت انتہائی اہم ہے، یہ دورہ خطے اور عالمی سطح  پر پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنےکی علامت ہے۔

Read Comments