'عمران خان چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں'

شائع 19 فروری 2020 07:13pm

پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نےعمران خان کو نیک نیتی کی وجہ سے آج انہیں اس منصب تک پہنچایا۔تاہم عمران خان سے گزارش ہے کہ وہ  سیاسی ہیرا پھیری سے بچے رہیں،صرف اور صرف ملک و قوم کی خاطر سوچیں گے تو کامیاب رہیں گے۔

لاہور سے جاری ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ عمران خان سے گزارش ہے کہ وہ  سیاسی ہیرا پھیری سے بچے رہیں کیونکہ لوگ کسی کے صحیح اور نیک مشورے کو مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔

چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان کومشورہ دیا کے وہ چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں۔ اپنے ارد گرد منافقین کی نشاندہی کریں اور نزدیک نہ آنے دیں اور نہ ہی  اپنے اندر خودپسندی آنے دیں۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ماضی میں نوازشریف کو بھی یہی مشورہ دیا تھا۔جبکہ نوازشریف نے اس کے برعکس کیا اور اتفاق کی بات یہ ہے کہ اس وقت نواز شریف کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔پرویز مشرف کو بھی مشورہ دیا تھا کہ طالبان کا لفظ مدرسے کے طالب علم سے جوڑ کراستعمال نہ کریں۔

 سربرہ ق لیگ کا مزید کہنا تھا کہ  سب سے کہوں گا کہ اپنے ذاتی مفادات کو چھوڑ کر صرف اور صرف ملک و قوم کی خاطر سوچیں گے تو کامیاب رہیں گے۔

Read Comments