کراچی میں سندھ رینجرز اور پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور گلشن معمار سے تین مطلوب دہشت گردوں کی گرفتاری کا دعویٰ کیا۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق تینوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے، ملزمان میں یاسین عرف ابوحنظلہ عرف قاری، اکرام اللہ عرف فیصل اور محمد خالد عرف منصور عرف عمر شامل ہیں، دو ملزمان حال ہی میں افغانستان سے آئے تھے، ان کا مقصد کراچی میں تخریبی کارروائیاں کرنا تھا۔
ملزم یاسین قائداعظم انٹرنیشنل ایئرپورٹ، امریکن قونصلیٹ اور پاکستان سیکیورٹی پرنٹنگ کارپوریشن کی ریکی اور ویڈیو بنا چکا ہے۔
ترجمان کے مطابق تفتیش میں ملزمان نے دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کا اعتراف کرلیا، ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی ملا ہے۔