Aaj Logo

شائع 17 مئ 2021 01:06pm

افغان سفیر دفتر خارجہ طلب، پشتونوں سے متعلق بے بنیاد الزامات مسترد

پاکستان نے افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی طرف سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات مسترد کر دیے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان میں افغانستان کے سفیر کو دفتر خارجہ طلب کرکے افغان مشیر قومی سلامتی کے بیان پر اپنے تحفظات سے آگاہ کیا اور افغانستان کے مشیر قومی سلامتی کی طرف سے پشتونوں سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد الزامات مسترد کر دیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ افغان قیادت کے بیانات سے دونوں برادر ممالک کے مابین ماحول خراب ہو سکتا ہے، افغانستان پاکستان ایکشن پلان برائے امن و یکجہتی جیسے فورمز کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔

واضح رہے کہ افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر حمد اللہ محب کے تصدیق شدہ سرکاری ٹوئٹر اکاؤنٹ سے چند روز قبل ایک ویڈیو بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا تھا کہ افغانستان سیکیورٹی فورسز جانتی ہیں کہ وہ کس کے لیے اور کس سے لڑ رہے ہیں، اس ہمسائے کے خلاف جس کی کوئی عزت و وقار نہیں ہے۔ وہ شیرشاہ سوری کو اپنا لیڈر کہتے ہیں، ان کے راکٹ کا نام غوری ہے اور ان کے گھروں کا نام غزنوی ہے۔

ایک اور ٹوئٹ میں حمد اللہ محب نے کہا تھا کہ پشتون قبائل پاکستان سے خوش نہیں ہیں۔ پشتونوں نے بغاوت کر دی ہے، بلوچ بھی اپنے حقوق کے لیے لڑ رہے ہیں اور جنہوں نے بھارت میں اپنی جائیدادیں چھوڑیں اور پاکستان میں قیام اختیار کیا انہیں مہاجر بلایا جاتا ہے۔

Read Comments