Aaj Logo

شائع 25 مئ 2021 10:06am

شہباز شریف کا اپوزیشن کو بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے کامشورہ

اسلام آباد:قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے اپوزیشن کو پارلیمان کے اندر متحد ہو کر بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیار کرنے کا مشورہ دے دیا۔

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپوزیشن جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔

اعلامیے کے مطابق عشائیہ میں پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علماءاسلام (ف)، بی این پی، جمعیت اہل حدیث، پختونخوا ملی عوامی پارٹی، نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے شرکت کی۔

شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن پارلیمان کے اندر متحد ہو کر بجٹ سے متعلق حکمت عملی تیارکرے،حکومت قومی شماریات سے متعلق غلط اعداد وشمارپیش کرکے قوم سے دھوکا کررہی ہے،ان اعدادوشمار پر اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کے حکام کو بھی اعتماد نہیں اور انہوں نے ان پر اعتراضات اٹھائے ہیں، تمام اپوزیشن کو مشترکہ ردعمل اختیارکرنا چاہیئے۔

ن لیگ کے صدر کا مزیدکہنا تھا کہ بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور معیشت کی خستہ حالی کے عوام اور ملک پر سنگین اثرات مرتب ہورہے ہیں،اپوزیشن کو مل کر حکومت کی تاریخی نااہلی اور نالائقی کو بے نقاب کرنا ہوگا، عوام کی حقیقی ترجمانی اپوزیشن کا فرض ہے، جسے بھرپور طور پر ادا کیا جائے، حکومت کو عوام دشمن اقدامات سے روکنا ضروری ہے۔

Read Comments