Aaj Logo

شائع 27 ستمبر 2021 11:18pm

'رواں برس پی آئی اے کا یورپین یونین ممالک کو آپریشن بحال ہونیکی امید'

وزیرہوابازی سرور خان نے ایوان کو بتایا کہ رواں برس پی آئی اے کا یورپین یونین ممالک کو آپریشن بحال ہوجائے گا جبکہ قومی اسمبلی کا اجلاس آج بھی کورم کی نذرہوگیا، حکومت مسلسل چھٹی مرتبہ کورم پورا کرنے میں ناکام ہوگئی،

قومی اسمبلی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی صدارت میں ہوا، وقفہ سوالات کے دوران وزیرہوابازی سرور خان نے ایوان کو بتایا کہ پی آئی اے کے حوالے سےیورپی یونین اور برطانیہ کے تمام خدشات دور کر دیے ہیں، یورپی یونین نے ٹیم بھیج کر آڈٹ کرانے کا کہا ہے جس کے لئے یورپی یونین کی ٹیم 15 نومبر کو آ رہی ہے، یہ ٹیم 29 نومبر تک آڈٹ کرے گی اور امید ہے رواں سال ای یو کے لئے پی آئی اے کا آپریشن بحال ہو جائے گا۔

وزیر ہوابازی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پی آئی اے سے ان لوگوں کو نوکریوں سے نکالا ہے جن کی ڈگریاں جعلی تھیں، سپریم کورٹ کے حکم پر ان ملازمین کو نوکریوں سے نکالا گیا ہے ، پی آئی اے کے 267 پائلٹس کی ڈگریوں پر سوالات تھے جن میں سے 50 کی ڈگریاں جعلی نکلی تھیں ۔

وقفہ سوالات ختم ہوتے ہی اپوزیشن کی طرف سے ایوان میں کورم کی نشاندہی کردی گئی، ایک بار پھر گنتی پر کورم نامکمل نکلا، حکومت چوتھے پارلیمانی سال کے آغاز کے بعد مسلسل چھٹے اجلاس میں بھی کورم پورا رکھنے میں ناکام رہی جس پر پریزائیڈنگ افسر امجد نیازی نے اجلاس منگل شام 4 بجے تک ملتوی کردیا۔

Read Comments