Aaj Logo

شائع 02 فروری 2022 01:27pm

مغرب ماسکو کے خدشات کو نظر انداز کر رہا ہے ، روسی صدر

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے کہا ہے کہ مغربی ممالک ماسکو کے سیکورٹی خدشات کو نظر انداز کر رہا ہے اور یوکرین کو روس پر قابو پانے کے لیے ایک آلے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ بڑھتی ہوئی کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے کوئی حل تلاش کیا جائے گا۔

صدر پوٹن نے کہا کہ کریملن ماسکو کے سیکورٹی مطالبات پر واشنگٹن اور نیٹو کی طرف سے جواب کا مطالعہ کر رہا ہے، لیکن یہ کافی نہیں ہے۔

پوٹن نے ماسکو میں ہنگری کے وزیر اعظم وکٹر اوربان کے ساتھ بات چیت کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ یہ پہلے ہی واضح ہے کہ بنیادی طور پر روسی خدشات کو نظر انداز کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ امریکہ یوکرین کی سلامتی کے بارے میں اتنا زیادہ فکر مند نہیں جتناروس کی ترقی کو روکنے کی فکر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے امید ہے کہ آخر میں ہم کوئی حل تلاش کر لیں گے اگرچہ یہ آسان نہیں ہو گا۔

دوسری جانب مغربی رہنماؤں نے ماسکو پر الزام لگایا ہے کہ وہ یوکرین پر حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اگر اس نے حملہ کیا تو اس کے سنگین نتائج ہونگے۔

Read Comments