Aaj Logo

شائع 21 فروری 2022 12:37pm

فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر شادی کے بندھن میں بندھ گئے

بالی ووڈ اداکار اور مشہور فلمساز فرحان اختر گزشتہ روزگلوکارہ شیبانی ڈانڈیکر کے ساتھ میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

بول نیوز کی ایک رپورٹ کے مطابق تقریب کھنڈالہ میں فرحان اختر کے والدین اداکارہ شبانہ اعظمی اور گیت نگار جاوید اختر کے فارم ہاؤس میں ہوئی۔

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق دولہے کے والد نے تقریب کے بعد جوڑے کیلئے ایک نظم سنائی،ہندوستانی میڈیا آؤٹ لیٹس نے فرحان اختر کی اینٹری کی ویڈیوز بھی شیئر کیں۔

دلہے نے اپنی مشہور فلم زندگی نہ ملے گی دوبارہ کے گانے سینوریٹا پر رقص بھی کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

فرحان اختر اور شیبانی ڈانڈیکر کی ملاقات 2018 میں ہوئی۔

فرحان اختر کو دل چاہتا ہے اور ڈان سیریز کی ڈائریکشن کیلئے جانا جاتا ہے جس میں شاہ رخ خان اور پریانکا چوپڑا نے اداکاری کی تھی، انہوں نے اپنی اداکاری کا آغاز راک آن سے کیا تھا۔

دوسری طرف شیبانی ریئلٹی ٹی وی شوز کھتروں کے کھلاڑی اور جھلک دکھلا جا میں حصہ لینے کیلئے مشہور ہیں، وہ انڈین سپر لیگ کی میزبانی بھی کر چکی ہیں۔

فرحان اور شیبانی کی شادی میں بالی ووڈ کی کئی مشہور شخصیات نے شرکت کی جن میں فرحان کے دوست ہریتک روشن بھی شامل تھے۔

ریا چکرورتی، شنکر مہادیون، رتیش سدھوانی، انوشا ڈانڈیکر، اور امریتا اروڑہ نے بھی اس تقریب میں شرکت کی۔

ان کی شادی کی خبریں کئی ہفتوں سے سوشل میڈیا پر گردش کر رہی تھیں، ذرائع کا کہنا تھا کہ وہ 21 فروری کو شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔

Read Comments