Aaj Logo

شائع 04 اپريل 2022 07:47pm

وزیراعظم کا دارالحکومت کے ریڈ زون کے باہر احتجاج کا اعلان

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دارالحکومت کے ریڈ زون کے باہر آج رات احتجاج کی کال دے دی ہے جس میں وہ خود بھی شرکت کریں گے۔

پروگرام ’’ آپ کا وزیراعظم آپ کے ساتھ‘‘ میں آن لائن سوالات کے جوابات دیتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن ساڑھے تین سال سے کہہ رہی تھی کہ انتخابات کرائیں، اپوزیشن کہتی رہی حکومت سلیکٹڈ، نااہل ہے اور ناکام ہوگئی اسی لیے ہم نے انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے، ہم اب کہہ رہے ہیں کہ الیکشن لڑو اور اپوزیشن اب ہمارے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ چلی گئی ہے۔تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ یہ لوگ انتخابات میں اپنے امپائر کھڑے کرنا چاہتے ہیں، یہ لوگ چاہتے ہیں کہ اپنے لوگوں کو لا کر الیکشن کی طرف چلے جائیں الیکشن کمیشن میں اپنے بندے لگاکر اس کے بعد انتخابات کی طرف جانا چاہتے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ اقتدار میں آکر نیب کے خاتمہ کردیں تاکہ ان کے سارے کیسز بھی ختم ہوجائیں۔

عمران خان نے مزید کہا کہ یہ چھانگا مانگا کی سیاست ہے کہ بھیڑ بکریوں کی طرح ارکان اسمبلی کو خریدا جائے یہ جمہوریت نہیں جب کہ باہر سے بھی سازش ہوئی یعنی یہ حکومت گرا کر اگلی حکومت بنائی جائی، میں اس عمل کے خلاف احتجاج کا اعلان کرتا ہوں، عوام سے کہتا ہوں کہ اس غیر جمہوری عمل کے خلاف آج اسلام آباد ریڈزون کے باہر بلیو ایریا میں نماز عشا کے بعد احتجاج ریکارڈ کرائیں، اس احتجاج میں، میں خود بھی شرکت کروں گا۔

دریں اثنا، لاہور میں متحدہ اپوزیشن کے اراکین پنجاب اسمبلی کے ہوٹل کے باہر تحریک انصاف کے کارکنوں کا احتجاج جاری ہے جہاں مظاہرے کے دوران حالات کشیدہ ہوئے تو پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تحریک انصاف کے کارکنوں کو پیچھے دھکیل دیا۔ اس معاملے پر لیگی اراکین کہتے ہیں کہ ہر شرارت کا بھرپور انداز میں جواب دیا جائے گا۔

Read Comments