Aaj Logo

شائع 24 اپريل 2022 05:25pm

عمران خان ملک میں انتشار پیدا کر کے انارکی پھیلانا چاہتے ہیں: احسن اقبال

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں انتشار پیدا کر کے انارکی پھیلانا چاہتے ہیں، آئین شکنی کرنے والے قوم کے اصل مجرم ہیں، ان کو ضرور سزا دیں گے، ادارے عمران خان نہیں آئین کے ساتھ ہیں۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ جب عدم اعتماد پیش ہوئی تو عمران خان کہتے رہے ایک گیند سے تین وکٹیں لوں گا، نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے دو بار واضح کر دیا کہ سفیر کے مراسلے میں بیرونی سازش کا کوئی ذکر موجود نہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نشہ آور ڈرائیور کی طرح سیاست کی گاڑی کبھی آئین، کبھی قومی اداروں اور کبھی خارجہ پالیسی سے ٹکراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے چین کو ناراض کیا، یورپی ممالک کے خلاف بڑھکیں ماریں، اور غیر ملکی تحائف بیج کر ملک کا امیج خراب کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب ہمیں امریکہ کی تجارتی منڈیوں تک جانا اور ٹیکنالوجی حاصل کرنی ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ یورپ امریکہ اور خلیجی ممالک ہماری معیشت کے ستون ہیں، معلوم نہیں عمران خان کس دشمن کے ایجنڈے پرچل کر ہر چیز ناکام سیاست پر قربان کرنے پر تلا ہوا ہے۔

Read Comments