Aaj Logo

شائع 04 مئ 2022 07:15pm

عمران خان کی حکومت نے کرپشن کے ریکارڈ بنائے: وزیر خزانہ

کراچی: وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو جواب دینا ہوگا کہ فرح گوگی نے پنجاب میں سرکاری ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ کے ذریعے کروڑوں روپے کیسے کمائے؟۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے ملک کا سب سے زیادہ بجٹ خسارہ پاکستان مسلم لیگ نواز کی حکومت پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بڑے چیلنجز کے باوجود حکومت عوام کو بڑے پیمانے پر ریلیف دے رہی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ خان صاحب کو جواب دینا ہوگا کہ انہوں نے شہزاد اکبر کے کہنے پر شوگر مافیا کی ٹیکس چوری کیوں چھپائی۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج ہم نے چینی کی سستی قیمت برقرار رکھی ہے، ہم نے لوڈشیڈنگ کے اوقات میں کمی کر دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم مہنگائی کو کم کریں گے اور معیشت کو معمول پر لائیں گے، عمران خان کی حکومت نے غلط طرز حکمرانی اور کرپشن کے ریکارڈ بنائے۔

Read Comments