Aaj Logo

شائع 09 مئ 2022 12:29pm

ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں، شیخ رشید

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ملک کے مسائل کا حل جلد انتخابات ہیں، ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابی عوامی رابطہ مہم شروع کرچکی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نااہل حکومت ہم پر مسلط کردی گئی، الزام لگایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے خود پر فرد جرم عائد نہیں ہونے دی، اے این ایف کیس میں ملزمان پر وکلاء نے فرد جرم عائد نہیں ہونے دی جبکہ میرا بھتیجا روز عدالت میں ذلیل و خوار ہورہا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عوام کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ جلد انتخابات ہو رہے ہیں، جے یو آئی اور ن لیگ نے بھی عوام رابطہ مہم شروع کردی ہے، پیپلز پارٹی کے علاوہ تمام جماعتیں انتخابی عوامی رابطہ مہم شروع کرچکی ہیں،ملک کے مسائل کا حل جلد انتخابات ہیں، ملک کے مقتدر حلقوں کو کہتا ہوں کہ جلد انتخابات کرائیں۔

Read Comments