انڈیا میں خاتون کے کھانے سے 'سانپ کی کھال' نکل آئی
انڈیا کی جنوبی ریاست کیرلا میں ایک ریستورنٹ کو عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے کیونکہ وہاں ایک خاتون اور ان کی بیٹی کے کھانے سے سانپ کی کھال نکلی ہے ۔
برطانوی نیوز ویب سائٹ انڈیپنڈنٹ کے مطابق پریا نامی خاتون نےسانپ کی کھال کو روٹی کے اندر کاغذ میں لپٹا ہوا پایا، جو انہوں نے تھیرووانانتھاپورم نیڈومنگاڈو نامی علاقے میں ایک ہوٹل سے خریدی تھی۔
دونوں ماں اور بیٹی نے جمعرات کی دوپہر کو دو روٹیاں خریدی تھیں۔
پریا کی بیٹی نے پہلے اپنی روٹی ختم کی، جس کے بعد جب انہوں نے کھانا شروع کیا تو انہیں اس میں سانپ کی کھال ملی۔ پریا نے مقامی پولیس سے رابطہ کیا جنہوں نے انہیں فوڈ سیفٹی کے حکام کے پاس بھیجا۔
ان کی شکایت پر مقامی حکام نے تحقیقات کیں اور ہوٹل کو بند کروا دیا۔
انڈین اخبار دی انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی آفسر ارشیتھا بشیر نے کہا کہ انہوں نے ہوٹل کا فوری معائنہ کیا اور دیکھا کہ ہوٹل میں صفائی ستھرائی کا نظام ناقص تھا اور نہ ہی وہاں مناسب روشنی تھی۔
"ابتدائی تحقیق سے ہمیں پتہ چلا ہے کہ کھال ایک اخبار میں لپٹی ہوئی تھی جس میں (عمومی طور پر) کھانا پیک کیا جاتا ہے۔"
انہوں نے مزید بتایا کہ روٹی ایک شفاف پیکنگ پر تھی اور اسی اخبار میں مزید پیک کیا ہوا تھا۔
"(سانپ کی) کھال نیچھے موجود روٹی سے جا لگی۔ کھال کا ٹکڑا آدھی انگلی جتنا لمبا تھا۔"
مقامی حکام کے مطابق ہوٹل کے پاس لائسنس تھا اور اس بات کے علاوہ ذخیرے میں موجود خورونوش کی اشیا میں "کوئی مسئلہ" نہیں تھا۔ تاہم اس واقع کے بعد ہوٹل کا لائسنس منسوخ کردیا گیا ہے۔