Aaj Logo

شائع 09 مئ 2022 10:09pm

صدر علوی نے وزیراعظم کی گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی ایڈوائس مسترد کردی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے وزیراعظم شہباز شریف کی گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو عہدے سے ہٹانے کی ایڈوائس مسترد کردی ہے۔

ایوان صدر کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ گورنر کو صدر کی منظوری کے بغیر نہیں ہٹایا جا سکتا، آرٹیکل 101 کی شق 3 کے مطابق گورنر صدر کی رضا مندی تک قائم رہے گا۔

صدر علوی نے مزید کہا کہ گورنر پنجاب نے آئین کے خلاف کوئی کام نہیں کیا جس کے تحت انہیں عہدے سے ہٹایا جائے، دستور پاکستان کے اُصولوں پر قائم رہنے کے لیے پرعزم ہوں اس لیئے گورنر کو ہٹانے کیلئے وزیراعظم کی ایڈوائس کومسترد کرتا ہوں۔

خیال رہےکہ گورنر پنجاب کو ہٹانے کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نےدوسری سمری یکم مئی کو ایوان صدر بھیجی تھی۔

کچھ دیر قبل وزیر داخلہ رانا ثنااللہ نے صدر مملکت عارف علوی اور گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ صدر علوی وزیراعظم شہباز شریف کی ایڈوائس کے پابند ہیں، اس سے ہٹنا آئین شکنی ہوگی، صدر مملکت، گورنر پنجاب آئین اور سپریم کورٹ کےحکم پر چلیں، خلاف ورزی سے باز رہیں۔

وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہنا تھا کہ پارلیمانی جمہوریت میں صدر کا منصب علامتی ہوتا ہے، ان کے پاس ویٹو کا اختیار نہیں، ایوان صدر پی ٹی آئی سیکرٹریٹ نہیں، صدر عمران خان کے غلام بننے کے بجائے آئین پر چلیں، عمر چیمہ جاتے جاتے کوئی نیا گند گھولنے سے باز رہیں، شرافت سے گھر چلے جائیں، آئین سے ہٹنے والوں کو آئین، عدالت اور عوام کی سزا کیلئے تیار رہنا ہوگا۔

Read Comments