Aaj Logo

شائع 18 مئ 2022 09:30pm

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی نیو یارک میں امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات

نیو یارک: وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات ہوئی ہے۔

امریکا میں قائم پاکستانی سفارتخانے کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات نیو یارک میں موجود اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹر میں ہوئی جس کی تصاویر سفارتخانے کی جانب سے ٹوئٹر پر پوسٹ کی گئی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ انٹونی بلنکن سے ملاقات بڑی سود مند رہی جس میں 75 برس پر محیط پاک امریکا کے وسیع اور مضبوط تعلقات سمیت افغانستان اور علاقائی امن و سلامتی پر مفصل گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں، حالیہ جیو پولیٹیکل واقعات سے بھی آگاہ ہیں جس کی حقیقتاً صورتحال کافی بگڑ چکی ہے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ پاکستان جیسے ممالک کو پہلے ہی چیلنجز کا سامنا ہے جس میں سیکورٹی، آبی تحفظ، توانائی کی حفاظت کے چیلنجز شامل ہیں۔ انہوں نے وزیر خارجہ کے ہمراہ کام کرنے پر دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں واقعی آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے اور روابط بڑھانے کے موقع کا بھی منتظر ہوں۔

امریکی وزیر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات کو بہتر اور پاکستانی تاجروں کے لیے مواقع پیدا کرنے کے لیے مل کر کام کریں گے۔

انٹونی بلنکن نے کہا کہ تحفظ خوراک کے چیلنج کو پوری دنیا میں دیکھ رہے ہیں، پاکستان اب G77 کی سربراہی کر رہا ہے، امریکا G77 کے ساتھ کھلے ڈائیلاگ کا بھی منتظر ہے۔

Read Comments