Aaj Logo

اپ ڈیٹ 09 جون 2022 06:05pm

درآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے، سرمایہ کاری کے اہداف حاصل نہ ہوسکے: اقتصادی سروے رپورٹ

اسلام آباد: رواں مالی سال سے متعلق اقتصادی سروےرپورٹ جاری کردی گئی، رواں مالی سال کیلئے مقرر کردہ کئی اہم اقتصادی اہداف حاصل جبکہ متعدد اہم اہداف حاصل نہ ہوسکے۔

دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال جی ڈی پی، زراعت، صنعتی اور خدمات شعبے کے اہداف حاصل کرلئے گئے جبکہ مہنگائی، تجارتی خسارے، درآمدات، کرنٹ اکاؤنٹ خسارے سمیت متعدد اہداف حاصل نہ ہوسکے۔

رواں مالی سال 4.8 فیصد کے مقابلے میں جی ڈی پی6 فیصد رہی،ہدف 3.5 فیصد کے مقابلے میں زرعی شعبے کی پیداوار4.4 فیصد رہی، صنعتی شعبے کی پیداواری ہدف 6.6کے مقابلے میں 7.2فیصد رہی۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ خدمات کے شعبے کی پیداوار 6.2 فیصد رہی جبکہ ہدف 4.7 فیصد مقرر کیا گیا تھا، رواں مالی سال اوسط مہنگائی کی شرح 8 فیصد کے مقابلے میں 13.3 فیصد رہی،مجموعی سرمایہ کاری 16.1 فیصد ہدف کے مقابلے15.1 فیصد رہی جبکہ نیشنل سیونگز 15.4 فیصد ہدف کے مقابلے11.1 فیصد رہی۔

دستاویزات کے مطابق گندم کی پیداوار 27.5 ملین سے کم ہو کر 26.4 ملین میٹرک ٹن ہوگئی، ملکی معیشت کا حجم 383 ارب ڈالرز تک پہنچ گیا جبکہ فی کس آمدن 1676 ڈالرز سے بڑھ کر 1798 ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا ہدف2ارب 27 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر تھا جبکہ جولائی تا اپریل کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 ارب 80 کروڑ ڈالرز پر پہنچ گیا۔

تجارتی خسارے کا ہدف 28 ارب 43 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز مقرر تھا جبکہ ریکارڈ 43 ارب 33 کروڑ 40 لاکھ ڈالرز رہا، درآمدات کے ہدف کیلئے 55 ارب 26 کروڑ60لاکھ ڈالرز مقرر کیا گیا تھا جبکہ درآمدات72 ارب 18 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گئیں، 26 ارب 83 کروڑ ڈالرز کے مقابلے میں برآمدات 28 ارب84 کروڑ80 لاکھ ڈالرز رہیں۔

رپورٹ میں توانائی، صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، مواصلات، تجارت، مہنگائی اور قرضوں کی ادائیگیوں پر سمت کا تعین کیا جائے گا۔

Read Comments