اپنے کیرئیر سے متعلق فہد مصطفیٰ کا انکشاف
کراچی: فہد مصطفیٰ نے ڈاکٹرعامر لیاقت حسین سے متعلق کہا کہ کوئی شرم نہیں کہ میرا جو شو کرنے کا کیرئرشروع ہوا ہے، ان کی وجہ سے ہوا ہے۔
اداکار و پروڈیوسر فہد مصطفیٰ نے معروف اینکر ڈاکٹرعامر لیاقت حسین کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “ہم عامر لیاقت کے فین ہیں، مجھے کوئی شرم نہیں کہ میں نے ان کو دیکھ کر اپنا کیرئیر شروع کیا ہے”۔
ان کا کہنا تھا کہ عامر لیاقت کو دیکھ دیکھ کر ہم نے میزبانی سیکھی اور ہم جیسے لوگ انہیں میزبانی کے شعبے میں فالو کرنا چاہتے تھے۔
اداکارنے کہا کہ اُنہوں نے اپنی زندگی کے آخری دنوں میں بہت مشکل وقت دیکھا، میں عامر لیاقت صاحب کی آسانی کے لیے دل میں دُعا کرتا تھا۔
فہد مصطفیٰ نے کہا کہ مجھے بالکل اندازہ نہیں تھا کہ وہ اس طرح دُنیا سے چلے جائیں گے۔
رکن قومی اسمبلی اور نامور اینکر ڈاکٹرعامر لیاقت حسین 9 جون، جمعرات کے روز کراچی میں انتقال کرگئے تھے اور جمعے کے روز اُن کی تدفین کی گئی۔