Aaj Logo

شائع 15 جون 2022 11:43pm

حکومت کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بارپھر اضافہ کرکے مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ ڈالی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے کا اضافہ کیا ہے جس کے بعد فی لیٹر پیٹرول 233 روپے 89 پیسے کا دستیاب ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں 59 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد فی لیٹرڈیزل 263 روپے 31 پیسے جب کہ مٹی کے تیل کی فی لیٹر قیمت 29 روپے 49 اضافے سے 211 روپے 43 پیسے کی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 29 روپے 16 پیسے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فی لیٹر لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 207 روپے 47 پیسے ہوگئی ہے جب کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل تیسری بار اضافہ کیا گیا ہے جب کہ اس سے قبل 30 روپے اضافے سے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 209 روپے 83 پیسے کی سطح پر تھی اور مجموعی طور پر 20 روز میں پیٹرول کے بھاؤ میں 84 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

Read Comments