Aaj Logo

شائع 19 جون 2022 11:01am

امپورٹڈ حکومت کو غریبوں کی نہیں صرف اپنے کیسز ختم کرانے کی فکر ہے: شیخ رشید

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ حکومت کو غریبوں کی نہیں صرف اپنے کیسز ختم کرانے کی فکر ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ امپورٹڈ حکومت مفاد پرستوں کا دوسرا نام ہے، حکومت کو صرف اپنے کیسز ختم کرانے کی فکر ہے،غریبوں کی نہیں۔

سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے کہا کہ خدا خیر کرے اب آصف زرداری نے پیپلزپارٹی کی کمان سنبھال لی ہے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نےمزید کہا کہ عنقریب بجلی میں اضافے کا تیسرا کرنٹ لگے گا، ملک کی فارن ترسیلات ، فارن ریزرو اور روپے کی گراوٹ کی کمی کی انہیں کوئی فکر نہی۔

سابق وزیرداخلہ شیخ رشید نے ایک اور ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب کے ایک صوبے میں 2 اسمبلیوں کے اجلاس ہورہے ہیں، پنجاب میں 20 منحرف اراکین کا الیکشن ایک ووٹ کی اکثریتی حکومت کا فیصلہ کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر کاکہنا تھا کہ حالات جتنے تیزی سے خراب ہورہے ہیں اس پر سپریم کورٹ کو سوموٹو لینا چاہیئے۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ میں آج شام 9 بجے لال حویلی سے اندرونی اور بیرونی سازشوں پر تفصیلی بات کروں گا۔

Read Comments