Aaj Logo

اپ ڈیٹ 13 جولائ 2022 09:45am

پی پی 168 میں پی ٹی آئی امیدوار کے دفتر پر چھاپا، ایک شخص گرفتار

لاہور میں پی پی 168 میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) امیدوار کے دفتر پر چھاپا مارا گیا، مزاحمت پر پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کو اطلاع ملی کہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں لاہور کے حلقہ پی پی 168 میں پی ٹی آئی امیدوار ملک نواز اعوان کے دفتر میں کچھ مسلح افراد موجود ہیں ، جس پر پولیس نے چھاپہ مارا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مسلح افراد پر دفعہ 144 کے تحت شہر میں چلنے پر پابندی عائد کی گئی ہے، خصوصا ایسے علاقوں میں جہاں پر الیکشن ہورہا ہے وہاں پر کوئی مسلح شخص نہیں چل سکتا، جس پر وہاں چھاپہ مارا تو واقعی مسلح افراد موجود تھے اور ایک شخص کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار کے دفتر میں ملک نواز اعوان کے ساتھ مسلح گارڈز تھے، جہاں تھوڑی سی بدنظمی بھی پیش آئی جبکہ وہاں پی ٹی آئی کے کارکنان تھے اور جو لوگ اکھٹے ہوئے تھے کارنر میٹنگ میں انہوں نے پولیس سے ہاتھا پائی کی بھی کوشش کی لیکن پولیس نے جو مسلح شخص تھا اس کو گرفتار کرلیا اور اس کو متعلقہ تھانے میں لے گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہم نے تمام کارروائی قانون کے مطابق کی ہے کیونکہ مسلح شخص صوبہ پنجاب کا نہیں تھا وہ دوسرے صوبے سے آیا تھا اور اس کے ساتھ وہ کسی سرکاری محکمے سے بھی تعلق رکھتا تھا۔

اس واقعے پر پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے شدید رد عمل دیا جارہا ہے، سینیٹر اعجاز چوہدری نے کہا ہے کہ ہم پولیس کی بدتمیزی کو برداشت نہیں کریں گے، پنجاب پولیس گلو بٹ بن چکی ہے۔

پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری نے آئی جی پنجاب سے بھی فوری طور پر نوٹس لینے کا مطالبہ کردیا۔

پی ٹی آئی رہنماء یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ پولیس پرامن الیکشن کو سبوتاژ کر رہی ہیں، 17 جولائی کو فتح پی ٹی آئی کا مقدر ہے،پولیس شریف خاندان کی ذاتی ملازم بن گئی۔

Read Comments