Aaj Logo

اپ ڈیٹ 23 جولائ 2022 06:19pm

فیکٹ چیک: روسی صدرپیوٹن بھی پی ٹی آئی کی خوشیوں میں شریک

روس کے صدر ولادیمیرپیوٹن کی ایک تصویرسوشل میڈیا پرخاصی وائرل ہے جس میں وہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کی سیاسی جماعت کی حالیہ ضمنی انتخابات میں جیت کی کوریج انتہائی ذوق وشوق سے دیکھ رہے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف نے 18 جولائی 2022 کو پنجاب میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں 20 میں سے 15 نشستوں پرفتح حاصل کی تھی اورسیاسی امورپرگہری نظررکھنے والے ان ضمنی انتخابات کا پس منظربخوبی جانتے ہوں گے۔

سوشل میڈیا پروائرل تصویرمیں روسی صدرٹیلی ویژن کے سامنے بیٹھے ہیں اور اسکرین پر “ روس ٹوڈے“ کے علاوہ ٹکرسلائیڈ میں عمران خان کی پارٹی کی ضمنی انتخابات میں کامیابی کی خبر چل رہی ہے۔

ٹوئٹرصارفین نے اس تصویرکو “روسی صدر پیوٹن عمران خان کی فتح کی خبریں دیکھ رہے ہیں” کے کیپشن کے ساتھ شیئرکیا۔

تاہم یہ اصل تصویرنہیں، فوٹوگرافی ایجنسی الامی کی 26 جنوری 2022 کو شائع کی جانے والی اس تصویر کے عنوان میں بتایاگیا ہے کہ روسی صدر نووو اوگاریوو کی رہائش گاہ پر اطالوی کاروباری رہنماؤں کے ساتھ ویڈیو کانفرنس میٹنگ میں شریک ہیں۔

ریورس امیج سرچ سے پتہ چلتا ہے کہ یہ تصویرواشنگٹن پوسٹ اوریورونیوزسمیت معروف پبلیکیشنز نے جنوری 2022 میں شائع کی تھی اس کے علاوہ کریملن ویب سائٹ پربھی تصویرکی سُرخی تھی،“اطالوی کاروباری برادری کے نمائندوں سے ملاقات”۔

یہی غیر تبدیل شدہ تصویر جنوری 2022 میں ہی روسی سفارت خانے کے آفیشل ٹویٹر اکاؤنٹ سے بھی شیئر کی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستان ان دنوں شدید سیاسی عدم استحکام سے دو چارہے، اپریل میں وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے والے شہباز شریف پر عمران خان کی جانب سے ملک بھر میں سیاسی اجتماعات کا انعقاد کرتے ہوئے قبل از وقت انتخابات کرانے کے لیے شدید دباؤ ہے۔

Read Comments