Aaj Logo

شائع 26 جولائ 2022 01:53pm

عامرلیاقت کے پوسٹمارٹم کا معاملہ: دانیہ شاہ نے الزامات کی بوچھاڑکردی

عامرلیاقت حسین کا اچانک انتقال ان کی موت کی وجہ کا تعین نہ ہونے کے باعث مداحوں کے لیے تاحال باعث تشویش ہے۔

مذہبی رہنمااورپی ٹی آئی کے منحرف رکن جمعرات 9 جون کوکراچی میں انتقال کرگئے تھے،بعد ازاں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے شہری کی جانب سے دائرکردہ درخواست پر 18 جون کو ڈاکٹرعامرلیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کا فیصلہ سنایا تھا۔

درخواست گزارکا موقف تھا کہ شبہ ہے عامرلیاقت کو جائیداد کے تنازع پرقتل کیا گیا ہے لہذاٰ پوسٹ مارٹم کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے، تاہم عامرلیاقت کے پسماندگان اس پرراضی نہ ہوئے، ان کی سابقہ پہلی اور دوسری اہلیہ بشریٰ اقبال اورطوبیٰ نے پوسٹ مارٹم کے خلاف پوسٹس کیں۔

انتقال سے کچھ عرصہ قبل ان کی زندگی میں شامل ہونے والی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ پوسٹ مارٹم کے حق میں ہیں اور اس حوالے سے سندھ ہائی کورٹ میں کیس بھی دائرکیا، جس پر ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال اور ان کے بچوں نے قانونی ٹیم سے مشاورت کے بعد کہا کہ وہ عدالت یا حکام کو پوسٹ مارٹم نہیں کرنے دیں گے۔

اب دانیہ نے انسٹاگرام اسٹوریزمیں جارحانہ ردعمل دیتے ہوئے بشریٰ اقبال سے متعلق بھی منفی باتیں کیں۔

دانیہ نے لکھا، “پوسٹ مارٹم ہونا چاہیے اورہوگا، ضرورہوگا، انشاء اللہ لازمی ہوگا، سب سچ سامنے آجائے گا۔ جب پوسٹ مارٹم کی بات آئی تو یہ بشریٰ بی بی اور دعا بی بی دونوں سامنے آگئیں میڈیا کی سپورٹ مانگنے۔ “

دانیہ نے الزام عائد کیا کہ جب عامرلیاقت کا انتقال ہوا تو بشریٰ بی بی میڈیا کے سامنے نہیں آنا چاہتی تھیں اور اب بیٹی کو بھی لے آئی ہے تو مطلب کچھ تو ہے جو یہ پوسٹ مارٹم میں تاخیرکروارہی ہیں۔

اگلی پوسٹ میں دانیہ لکھا، “ بی بی جب نکاح ہواتھا آپ ساتھ تھیں ؟ اس (عامر لیاقت ) کا موبائل ہڑپ کراب جھوٹی افواہیں پھیلا رہی ہیں۔ وہ جاتے جاتے مجھے معاف کرکے گئے تھے اور میرے پاس تمام ثبوت ہیں کہ آپ نے انہیں بچوں کے نام پر کتنا لوٹا۔“

دانیہ نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ انہوں نے عامرلیاقت کی ویڈیو لیک ہونے پرکوئی ایکشن کیوں نہیں لیاتھا۔

بشریٰ اقبال کو “لالچی عورت” قراردینے والی دانیہ نے مزید لکھا، “ مجھے صرف پوسٹ مارٹم چاہیے اور مجھے حق ہے، باقی کارروائی تو میں بعدمیں کروں گی بشریٰ بی بی اس (عامرلیاقت ) کی موت کی زیادہ ذمہ دار تو آپ خود ہیں، اس کو بچوں سے جُداکیوں کیا؟ طلاق آپ کوہوئی تھی آپ بچوں کو ان سے رابطے میں رہنے دیتیں تو یہ نوبت نہ آتی، دوسروں پر تہمت لگانے سے پہلے اپنے اندرجھانکو۔“

اس پوسٹ کے علاوہ دانیہ نے عامر لیاقت حسین کے پرانے پیغامات بھی شیئرکیے جو انہوں نے اپنے انتقال سے چاردن پہلے بھیجے تھے۔

دانیہ کی پوسٹ پرسوشل میڈیاصارفین کی جانب سے کڑا ردعمل دیکھنے میں آیا جن کا کہنا ہے کہ ان کی باتوں پرتوجہ ہی نہ دی جائے، بیشتر نے سیدہ بشریٰ اقبال کے حق میں تبصرے کیے۔

عامر لیاقت حسین انتقال سے قبل اپنی نجی زندگی میں جاری مسائل اور تیسری اہلیہ سے اختلافات کے باعث سوشل میڈیا پر موضوع بحث بنے ہوئے تھے۔

عامرلیاقت حسین نے طوبیٰ انورسے خلع کی خبرمنظرعام پرآتے ہی 10 فروری کو انسٹاپوسٹ میں اپنی تیسری شادی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا تھاکہ انہوں نے گزشتہ رات نجیب الطرفین سادات گھرانے کی 18 سالہ لڑکی دانیہ شاہ سے شادی کی جس کا تعلق لودھراں سے ہے۔ تاہم یہ شادی چندماہ بھی نہ چل سکی اور دونوں میں سنگین اختلافات سامنے آئے۔

طوبیٰ سےعامرلیاقت کی دوسری شادی کی خبر جولائی 2018 میں منظر عام پرآئی تھی جب عام انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے دوران عامرلیاقت نے دوسری شادی کا اعتراف کیا تھا۔ اس سے قبل یہ شادی خفیہ رکھی گئی تھی۔عامرلیاقت نے سوشل میڈیا پرگردش کرتی خبروں کے باوجود دوسری شادی کی باقاعدہ تصدیق دسمبر 2018 میں کی تھی ۔

سابقہ پہلی اہلیہ بشریٰ اقبال سے عامرلیاقت کےدوبچے ہیں۔ سیدہ بشریٰ اقبال بھی اسکالراوردرس وتدریس سے وابستہ ہیں ، اپنا یوٹیوب چینل چلانے کے علاوہ وہ رمضان ٹرانسمیشن کی میزبانی بھی کرچکی ہیں۔

Read Comments