Aaj Logo

شائع 02 اگست 2022 12:44pm

خیبرپختونخوا اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر اور اراکین پر عدم اعتماد کی قرارداد منظور

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں چیف الیکشن کمشنر اور اراکین پر عدم اعتماد کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی۔

صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے خیبرپختونخوا اسمبلی اجلاس میں قرار داد پیش کی جس میں چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ اور الیکشن کمیشن کے دیگر ممبران سے مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

قرار داد میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں فور ی طور پر عام انتخابات کا آزادانہ اور شفاف انعقاد کیا جائے۔

قرار داد پیش کرتے ہوئے تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا تھا کہ ٹھوس شواہد کی بنیاد پر الیکشن کمیشن پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں ایک قابل قبول اور غیر متنازعہ الیکشن کمیشن کی تشکیل کریں۔

قرار داد پر اپوزیشن نے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ جب قرارداد لے کر آتے ہیں تو پھر ہمارے جواب بھی سننے کی ہمت پیدا کریں،حکومت کو قرار داد لانے کی کوئی ضرورت نہیں۔

اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک کا کہنا تھا کہ اگر ہمت ہے تو خیبر پختونخوا اور پنجاب اسمبلی سے مستعفی ہو جائے کل نئے انتخابات ہوں گے۔

اس سے قبل پنجاب اسمبلی بھی الیکشن کمیشن پر عدم اعتماد کی قرارداد منظور کرچکی ہے۔

Read Comments