Aaj Logo

اپ ڈیٹ 05 اگست 2022 12:44pm

وزیراعظم کا جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیراعظم شہبازشریف نے جنوبی پنجاب اور جنوبی بلوچستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔

وزیراعظم کو ڈیرہ غازی خان میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات اور متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سیلاب متاثرین کے لیے امداد میں اضافے کا اعلان

شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں، متاثرین کے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے جوائنٹ سروے کی ضرورت ہے، دی جانے والی امدادی رقم سیلاب متاثرین پر ہی خرچ ہونی چاہیئے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ بارشوں کے نئے متوقع سلسلے کو مدنظر رکھ کر خود کو تیارکیا جائے۔

‘بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی، یہ سیاست کا نہیں خدمت اور مدد کا وقت ہے’

بعدازاں وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان کے علاقے کوٹ چٹھہ میں سیلاب متاثرین سے خطاب کرتےہوئے کہا کہ طوفانی بارشوں اور سیلاب نے بہت تباہی مچائی ہے، بارشوں اور سیلاب سے تباہی میں جانی ومالی نقصان ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے مل کر کام کررہے ہیں،آج سیلاب سےجاں بحق افرادکے لواحقین سےافسوس کرنےآیاہوں،سیلاب متاثرین کےدکھ میں برابرکے شریک ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں آج بھی آپ کےخادم کےطور پر آپ کے ساتھ کھڑا ہوں، یہ سیاست کا وقت نہیں، خدمت اور مدد کا وقت ہے۔

یوم استحصال کشمیر کے حوالے سے بات کرتےہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارت نےکشمیرمیں ظلم وبربریت کابازارگرم کیا، مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی گئیں، آج کے دن ہی بھارتی وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کی،بھارت نے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی بے تحاشہ خلاف ورزیاں کیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آج پوری پاکستانی قوم اور عالم اسلام کشمیر کے عظیم سپوتوں اور شہیدوں کو سلام پیش کرتے ہیں،اللہ تعالی سے دعا ہے کہ کشمیری بھائیوں کو بھارت سے آزادی ملے، ہم کشمیریوں کی آزادی کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے۔

گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقے ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کا دورہ کیا تھا۔

وزیراعظم نے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اور انہیں امدادی کارروائیوں سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی تھی۔

Read Comments