Aaj Logo

شائع 07 اگست 2022 09:06am

بلوچستان میں بارش اور سیلاب سے جاں بحق افراد کی تعداد 176 ہوگئی

کوئٹہ: بلوچستان میں بارشوں سے بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے، صوبے میں بارش اور سیلاب کے باعث مزید 6افراد لقمہ اجل بن گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 176ہوگئی۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں مزید 6 افراد بارشوں کی نذر ہوگئے، جن میں 5 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔

جاں بحق ہونے والے 176افراد میں 77 مرد، 44 خواتین اور 55 بچے شامل ہیں ،اموات بولان، کوئٹہ، ژوب، دکی، خضدار کوہلو، کیچ، مستونگ، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ اور سبی میں ہوئی ہیں ۔

بارشوں کے دوران حادثات کا شکار ہوکر 75 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں جن میں 48 مرد،11 خواتین اور 16 بچے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: بلوچستان میں بارشوں اور سیلابی ریلے کی تباہ کاریاں، اموات 166 ہوگئیں

مجموعی طور پر صوبے بھر میں 18 ہزار 87 مکانات منہدم اور جزوی نقصان پہنچا ہے، بارشوں میں 670 کلو میٹر پر مشتمل 6 مختلف شاہراہیں بھی شدید متاثر ہوئی ہیں جبکہ مختلف مقامات پر 16 پل ٹوٹ چکے ہیں۔

بارشوں اور سیلابی صورتحال سے 23 ہزار 13 مال مویشی مارے گئے ہیں تو وہیں مجموعی طور پر 1 لاکھ 98 ہزار 461 ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں، سولر پلیٹس، ٹیوب ویلز اور بورنگ کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

ملک بهر میں مون سون بارشوں اور سیلاب سے نقصانات کى تفصيلات جارى

دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بهر میں حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کى تفصيلات جارى کردیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 552اموات ہوئیں جبکہ 628افراد زخمی ہوئے جبکہ سیلاب اور بارشوں کے باعث 49ہزار 778مکانات کو نقصان پہنچا۔

اين ڈى ايم اے کے مطابق ملک بھر کے تمام دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

Read Comments