Aaj Logo

شائع 13 اگست 2022 05:21pm

شہباز گل کے ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کیخلاف درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: اداروں میں بغاوت پر اُکسانے کے الزام میں گرفتار شہباز گل کے ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے کے خلاف درخواست سماعت کے لئے مقرر کردی گئی۔

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما شہباز گل کے ریمانڈ کی استدعا مسترد ہونے پر ایڈوکیٹ جنرل اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت رجسٹرار نے پیر کو مقرر کردی۔

قائم مقام چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عمر فاروق درخواست پر سماعت کریں گے۔

درخواست میں شہباز گل و دیگر کو فریق بناکر مطالبہ کیا گیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کا آرڈر کالعدم قرار دے کر پی ٹی آئی رہنما کا جسمانی ریمانڈ منظور کریں۔

دائر درخواست کے متن کے مطابق عدالت ڈیکلیئر کرے کہ شہباز گل کیس میں جوڈیشل حکم نہیں تھا بلکہ ایڈمنسٹریٹو آرڈر کیا گیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز عدالت نے شہباز گل کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی پولیس کی درخواست مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں عمران خان کے چیف آف اسٹاف شہباز گل نے ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست دائر کر دی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے جھوٹی ایف آئی آر درج کی گئی لہٰذا ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔

اسلام آباد پولیس نے 9 اگست بروز منگل شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے گرفتار کیا تھا۔اُن پر اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے سمیت 10 مقدمات درج ہیں۔

Read Comments