Aaj Logo

شائع 15 اگست 2022 06:07pm

وزیرِاعظم کی 50 ہزار روپے فی سیلاب متاثرہ خاندان کو امداد فراہم کرنے کی ہدایت

کوئٹہ: وزیرِ اعظم شہباز شریف نے سیلاب متاثرہ خاندانوں کو 3 دن کے اندر 50 ہزار روپے فی خاندان امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت سیلاب زدہ علاقوں پر قائم ریلیف کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزراء مفتاح اسماعیل، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز اور متعلقہ اعلٰی حکام نے شرکت کی۔

وفاقی وزیرِ ہاؤسنگ مولانا عبدالواسع، وزیرِ اعلی بلوچستان عبدلالقدوس بازنجو، رکنِ بلوچستان اسمبلی ثناء اللہ بلوچ بھی وڈیو لنک کے ذریعے بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس کے شرکاء کو وزیرِ اعلی بلوچستان اور صوبائی چیف سیکٹری کی طرف سے صوبے میں جاری بارشوں کے نتیجے میں جانی و مالی نقصان اور صوبائی حکومت کے متاثرین کے لئے ریسکیو اور ریلیف کے اقدامات سے بھی تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب کے نتیجے میں نقصانات کے تخمینے کے لئے صوبوں کے اشتراک سے سروے شروع کیا جائے گا، اجلاس کو بتایا گیا کہ سروے کی تکمیل تک حکومت بی آئی ایس پی کے تحت متاثرہ خاندانوں کو 30 ہزار روپے کا فوری ایمرجنسی کیش ریلیف فراہم کرے گی۔

جس پر وزیرِ اعظم نے ریلیف کی رقم کو 30 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار کرنے اور اس آپریشن کی نگرانی این ڈی ایم اے کو کرنے کی ہدایات جاری کیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ سیلاب زدہ علاقوں میں تمام متاثرہ گھرانوں کو 30 ہزار کی بجائے 50 ہزار روپے فوری طور پر فراہم کئے جائیں، متاثرین کو این ڈی ایم اے کی سر پرستی میں رقم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کرے۔

Read Comments