فلم جوائے لینڈ نے برصغیر کی بہترین فلم ہونے کا اعزاز حاصل کرلیا

رواں برس فلم جوائے لینڈ کانز فلم فیسٹیول میں بھی ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی تھی
شائع 16 اگست 2022 04:12pm

پاکستانی فلم ساز صائم صادق کی کانز فلم فیسٹیول میں نمائش اور پذیرائی حاصل کرنے کے بعد فلم“جوائے لینڈ“نے بر صغیر کی بہترین فلم ہونے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

صائم صادق کی فلم جوائے لینڈ نے پاکستان کے یوم آزادی پر انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن میں ‘برصغیر کی بہترین فلم’ کی کیٹیگری میں جیت کر ایک بار پھر بین الاقوامی ایوارڈ اپنے نام کرلیا۔

پاکستانی ڈائریکٹر،رائٹراوراداکارصائم صادق کی اس فیچرفلم کی نمایاں کاسٹ میں ثانیہ سعید، ثناء جعفری، علی جونیجو،علینہ خان، ثروت گیلانی ،راستی فاروق سمیت دیگرشامل ہیں۔

انڈین فلم فسیٹول آف میلبورن 13 اگست سے شروع ہوا ہے اور 30 اگست تک جاری رہیگا۔

فلم کو آئندہ ماہ ستمبر میں کینیڈا میں ہونے والے شہرت یافتہ ‘ٹورنٹو انٹرنیشنل فلم فیسٹول’ (ٹی آئی آئی ایف) میں بھی پیش کیا جائے گا۔

صائم صادق کا یہ پہلا اعزازنہیں، رواں برس دنیا کے سب سے قدیم اورمعتبرفلمی فیسٹول کانز میں اس فلم نے ایوارڈ جیتا جبکہ اس سے قبل 2019 میں ان کی شارٹ فلم ڈارلنگ وینس اورٹورنٹو فلم فیسٹیول میں نمائش کے لیے پیش کی جاچکی ہیں۔

یاد رہے کہ جوائے لینڈ کو کانز: کوئیر پام ایوارڈ سے نوازا گیا تھا جو کہ خصوصی طور پر ہم جنس پرست یا پھر مخنث افراد کی کہانیوں پر مبنی فلموں کو دیا جاتا ہے یہ پہلی پاکستانی فلم تھی، جس نے ‘کوئیر پام’ ایوارڈ حاصل کیا تھا۔

جوائے لینڈ کی کہانی ایک خواجہ سرا کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، فلم کے پروڈیوسرسرمد کھوسٹ اوراپوروا چرن ہیں جبکہ موسیقی عبداللہ صدیقی نے ترتیب دی ہے۔

Read Comments