Aaj Logo

اپ ڈیٹ 16 اگست 2022 06:43pm

حکومت نے شہزاد اکبر سمیت 10 افراد کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دیدی

اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر سابق مشیرِ داخلہ و احتساب شہزاد اکبر سمیت 10 افراد کے نام ایکزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے دی۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا جس میں وزارت موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے شرکاء کو ملک میں مسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کے اعلامیے کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلیاں پاکستان کے وسائل کو متاثر کر رہی ہیں جس کی ایک بڑی وجہ آبادی میں مسلسل اضافہ ہے۔

وفاقی کابینہ نے موسمیاتی تبدیلیوں سے بچاؤ پر سفارشات کے لئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمان کی صدارت میں کمیٹی تشکیل دے دی۔

اس ضمن میں وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے ممکنہ مسائل کا بخوبی ادراک ہے، مسئلہ کا حل حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

دوسری جانب اجلاس میں وفاقی کابینہ نے 35 ادویات کی قیمتوں میں مزید اضافے کی سمری کو متفقہ طور پر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ادویات کے نرخوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ وفاقی کابینہ نے وزارت داخلہ کی سفارش پر 22 افراد کے نام ای سی ایل سے نکالنے جب کہ تین افراد کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دینے کی منظوری دے دی۔

Read Comments