20 روپے میں فلم کی فروخت، فلم ساز نے دراز کو قانونی نوٹس بھجوادیا

اس سے قبل کمپنی کی جانب سے وضاحتی بیان بھی جاری کیا گیا تھا
شائع 20 اگست 2022 12:20am

**فلم قائداعظم زندہ باد کی 20 روپے میں فروخت پر فلم ساز نبیل قریشی نے دراز کمپنی قانونی نوٹس بھجوادیا

نبیل قریشی نے ٹوئٹ میں بتایا کہ ہم نے دراز کو ہماری فلم قائد اعظم زندہ باد کے پائریٹڈ ورژن کو ان کی ویب سائٹ پر غیر قانونی طور پر فروخت کرنے اور پاکستان اور بیرون ملک سینما گھروں میں فلم کے کاروبار کو نقصان پہنچانے پر قانونی نوٹس بھجوایا ہے۔

گزشتہ روز چین کی آن لائن مارکیٹ ویب سائٹ اورلاجسٹک کمپنی ‘دراز’ اپنی ویب سائٹ پر عید الاضحیٰ پرریلیزکی جانے والی نئی فیچر فلموں ‘قائداعظم زندہ باد’ اور’ لندن نہیں جاؤں گا’ کے پائریٹڈ ورژن صرف 20 اور 50 روپے میں پیش کررہی تھی۔

مزید پڑھیے : قائداعظم زندہ باد، صرف 20 روپے میں دراز پر

فلم “قائداعظم زندہ باد’کے ڈائریکٹرنبیل قریشی، فہد مصطفی اور ماہرہ خان نے 20 روپے میں اپنی فلم دکھانے کے خلاف ٹوئٹرپرآواز اٹھاتے ہوئے اس اقدام کو ‘مجرمانہ’ قراردیا تھا۔

دراز کی جانب سے ہدایتکار نبیل قریشی کی ٹوئٹ پر جواب دیا گیا تھا کہ پلیٹ فارم پر ایک سیلر نے ‘قائد اعظم زندہ باد’کی کاپی کو غیر قانونی طور پر فروخت کے لیے پیش کیا تھا تاہم معاملے کا علم ہونے پر انتظامیہ نے فلم کو فروخت ہونے والی اشیا کی فہرست سے خارج کردیا۔

کمپنی کی جانب سے یہ بھی کہا گیا کہ دراز اس طرح کے غیر قانونی کاموں اور ضوابط کی خلاف ورزیوں کو سپورٹ نہیں کرتا۔

Read Comments