Aaj Logo

شائع 21 اگست 2022 05:42pm

وزیر اعظم کا آرمی چیف سے رابطہ، سیلاب متاثرین کی امدادی کارروائیوں پر بات چیت

وزیراعظم شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے اداروں کے سربراہان سے گفتگو میں سیلاب متاثرین خاص بلخصوص سندھ میں امداد اور بحالی کی کارروائیوں سے متعلق بات چیت کی۔

آرمی چیف نے وزیراوعظم کو پاک فوج کی جانب سے سندھ میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق آگاہ کیا، شہباز شریف نے سندھ میں رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تباہی کے باعث ہیلی کاپٹرزکی فراہمی کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہیلی کاپٹرزکے استعمال سے سندھ اور بلوچستان میں زمینی رابطہ کٹنے کی وجہ سے ریسکیو اور ریلیف کی فراہمی میں آنے والی مشکلات کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

آرمی چیف نے وزیراعظم کو آگاہ کیا کہ کمانڈر سدرن کمانڈ کو بلوچستان میں امدادی کارروائیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

وزیراعظم نے سندھ میں سیلاب متاثرین کو نقد رقوم کی فوری ادائیگی کے لئے بے نظیر انکم سپورٹ کو بھی ہدایت جاری کردی۔

چئیرمین این ڈی ایم اے نے حکومت سندھ اور بلوچستان میں امدادی کارروائیوں میں بھرپور تعاون سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا جب کہ شہباز شریف نے انہیں سیلاب متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی تلقین کی۔

Read Comments